جمعیت علمائے اسلام سندھ کے زیر اہتمام طوفان اقصٰی و سندھ امن مارچ کے اختتام پر طوفان اقصیٰ کانفرنس جمعرات کی شام کو ہوگی۔ جس سے جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سمیت فلسطین اور حماس کے رہنما خطاب کریں گے۔
جے یو آئی کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق کراچی کے تمام اضلاع سے قافلے ساڑھے 3 بجے جلسہ گاہ پہنچیں گے۔ تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ اہل کراچی فلسطینی مسلمانوں کیساتھ اظہار یکجہتی کرکے ثابت کریں کہ کراچی اسلام پسندوں کا شہر ہے۔ کانفرنس شاہراہ قائدین پر ہوگی۔
قطر کی ثالثی میں حماس اسرائیل غیر ملکیوں کیلئے رفح کراسنگ کھولنے پر متفق
جے یو آئی رہنما قاری عثمان کے مطابق 2 نومبر کو فلسطینی مظلوم مسلمان بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے تاریخ ساز کانفرنس ہوگی، جس کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔ تمام اضلاع کے قافلے شیڈول کے مطابق ساڑھے 3 بجے شاہراہ قائدین پہنچیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع کیماڑی کے قافلے شیرشاہ چوک پر 3 بجے جمع ہونگے اور شیرشاہ چوک سے براستہ آئی سی پل ساڑھے 3 بجے شاہراہ قائدین پہنچیں گے۔ تمام کارکنان اپنی تیاریاں مزید تیز کرتے ہوئے گھر گھر طوفان اقصٰی کانفرنس کی دعوت پہنچائیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی دہشت گرد اسرائیل غزہ کے مظلوم مسلمانوں پر تاریخ کے بدترین مظالم ڈھا رہا ہے۔ مسلم حکمرانوں کی خاموشی شرمناک ہے۔ خون مسلم اتنا ارزاں ہوگیا ہیکہ دن دہاڑے ہزاروں بچے، عورتیں اور نوجوان شہید کیے جا رہے ہیں۔