کراچی : سیف سٹی منصوبے سے مایوس کراچی کے شہریوں نے ازخود حفاظتی اقدامات شروع کردیئے،نارتھ ناظم آباد کے رہائشیوں نے اپنی مدد آپ کے تحت علاقے میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرکے مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم بناکرنگرانی بھی شروع کردی ہے۔ مانیٹرنگ روم میں کیمروں پر ہمہ وقت نظر رکھی جاتی ہےاوریہاں ایک پولیس اہلکار کیمروں کی مانیٹرنگ کیلئے موجود جبکہ 4پولیس اہلکار مکینوں کی مدد کیلئے تیار رہتے ہیں ۔
نیبرہوڈ سیکورٹی اینڈ ڈیولپمنٹ کمیٹی کے سربراہ مراد علی سونی نے ایم ایم نیوز کو بتایا کہ ہمارا ایک نکاتی ایجنڈا تھا کہ ہم نے اسٹریٹ کرائم کو کم کرنا ہے کیونکہ اسٹریٹ کرائم کراچی کے شہریوں کیلئے ناسور بن چکا ہے۔ ہمارے پاس 4 بلاک ہیں اور تمام بلاکس سے ہمارے پاس 20، 20 ارکان کمیٹی میں شامل ہیں ۔
جب ہم نے 25 مارچ 2021 ء کویہ منصوبہ شروع کیا تو ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے یہاں کا دورہ کیا اور ہمیں اس منصوبے کا دائرہ وسیع کرنے کا کہا ۔ اس منصوبے سے ہم نے پولیس کی مدد سے 80 سے 90 فیصد تک اسٹریٹ کرائم پر قابو پالیا ہے اور اب اس منصوبے کو کراچی کے 10 تھانوں تک پھیلانے جارہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت ہمارے منصوبے میں 4میگا پکسل کے 80 کے قریب نائٹ ویژن کیمرے شامل ہیں جن کی مانیٹرنگ بھی ایک پولیس اہلکار ہی کرتا ہے اور گشت پر مامورپولیس اہلکاروں کے نمبر ہمارے پاس ہوتے ہیں اور جہاں کہیں ہمیں کسی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع موصول ہوتی ہے تو ہم اس کیمرے کی مدد سے پولیس اہلکاروں کو روانہ کرتے ہیں اورہم نے ان کیمروں کی مدد سے کئی جرائم کی روک تھام کی اور کمیونٹی پولیسنگ کی یہی خوبصورت اور خوبی ہے۔
ممبر ایگزیکٹو بورڈاین ایس ڈی سی محمد عمران نے ایم ایم نیوز کو بتایا کہ ڈی آئی جی پولیس کی جانب سے ہمیں 4 پولیس اہلکار دیئے گئے ہیں اور 2 بلاکس میں دو جوان گشت کرتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے جرائم کے سدباب میں کافی مدد ملی۔ انہوں نے بتایا کہ اکثر گاڑیوں کے پینل چوری کرلئے جاتے تھے لیکن یہاں 80 فیصد تک ایسی وارداتیں ختم ہوچکی ہیں اور صرف اور صرف کیمرے لگانے اور مانیٹرنگ کی وجہ سے ہم نے اپنے علاقے کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرلیا ہے۔
این ایس ڈی سی کے ایگزیکٹو بورڈ کے ممبر زاہد طاہر نے بتایا کہ ہمارے علاقے میں مساجد کے اطراف جرائم کی شرح بہت زیادہ تھی لیکن کیمروں کی تنصیب کے بعد اس علاقے میں نمازیوں کو لوٹنے کے واقعات ختم ہوچکے ہیں جبکہ علاقے میں پیش آنے والے دیگر مسائل پر بھی کافی حد تک قابو پالیا ہے۔