واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ کورونا کی نئی قسم اومی کرون سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، ویکسین لگوانے کا سلسلہ جاری رہنا چاہئے۔
گزشتہ روز وائٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ کورونا وائرس کی نئی قسم کو تشویش کا سبب تو سمجھا جانا چاہئے تاہم گھبراہٹ کی وجہ نہیں۔
کورونا کا نیا ویرینٹ بہت خطرناک ہے،جو پاکستان کو متاثر کرے گا،اسد عمر
اومی کرون کی علامات، پاکستان کتنا متاثر ہوسکتا ہے؟
گفتگو کے دوران جو بائیڈن نے کہا کہ اومی کرون ویرینٹ خوف کا نہیں، تشویش کا باعث ہے تاہم کورونا کے ویرینٹ سے نمٹنے کے آج پہلے سے زیادہ طریقے موجود ہیں۔
کورونا کی روک تھام کیلئے نئی پابندیاں مسلط کرنے کا امکان مسترد کرتے ہوئے امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ اس وقت لاک ڈاؤن لگانے کا کوئی آپشن موجود نہیں۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ ہمارے شعبۂ صحت کے اعلیٰ حکام ویکسین بنانے والے سرکردہ اداروں سے مشاورت کر رہے ہیں۔ اومیکرون کیلئے اپ ڈیٹ کی تیاری جاری ہے۔
صدر جوبائیڈن نے کہا کہ اگر ویکسین لگوانے والے شہری بھی نئی قسم سے فکر مند ہیں تو بوسٹر لگوائیں۔ واضح رہے کہ عالمی ادارۂ صحت نے اومی کرون کو خطرناک قرار دیا ہے۔