لاہور: امیر جماعتِ اسلامی سراج الحق نے ملک کی اہم سیایس جماعتوں کو ملک دشمن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی ایم، تحریکِ انصاف اور پیپلز پارٹی کے ہوتے ہوئے ہمیں کسی ملک دشمن کی ضرورت ہی نہیں۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعتِ اسلامی سراج الحق نے مولانا مودودی کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا کہ پی ڈی ایم، پی پی پی اور پی ٹی آئی کے ٹرائیکا نے ملکی تہذیب و سماج اور معیشت و سیاست سمیت ہر چیز تباہ کردی۔
ایم پی ایز کی وفارداریاں بدلنے کیلئے کروڑوں پیش کیے گئے، فواد چوہدری
کانفرنس سے خطاب کے دوران سراج الحق نے کہا کہ لوگ کراچی سے لے کر چترال تک آٹے کی قطار میں کھڑے ہوگئے، حکمرانوں کو گاڑیاں درکار جبکہ عوام روٹی کے نوالوں کیلئے دربدر ہیں۔ تحریکِ انصاف ہے تو کسی ملک دشمن کی ضرورت نہیں۔
خطاب کے دوران امیر جماعتِ اسلامی نے کہا کہ استعمار نے پاکستان پر حکمرانوں کی باریوں کیلئے شارٹ لسٹنگ کر رکھی ہے جس کی اسٹیبلشمنٹ پشت پناہی کرتی ہے۔ یہ لوگ اسٹیبلشمنٹ کے گملوں میں پلے جو ان کی حمایت کے بغیر 7روز سیاست نہ کرسکیں۔
امیر جماعتِ اسلامی نے کہا کہ حکمرانوں کو جنیوا کانفرنس میں چند ارب ڈالر ملے جس پر خوشی کے شادیانے بجائے جا رہے ہیں۔ وزیر اعظم بغلیں بجانے کی بجائے علامہ اقبال کے فلسفۂ خودی کا درس پڑھیں۔ سیلاب متاثرین کیلئے 70 ارب روپے کا اعلان ہوا، وہ کہاں گئے؟