عالمی ایتھلیٹکس فیڈریشن نے جیولن تھرو کی تازہ ترین عالمی رینکنگ جاری کر دی ہے، جس میں پاکستان کے مایہ ناز ایتھلیٹ ارشد ندیم نے بدستور چوتھی پوزیشن پر قبضہ جما رکھا ہے۔
ارشد ندیم نے 1370 پوائنٹس کے ساتھ عالمی سطح پر اپنا مقام برقرار رکھا ہے، اگرچہ وہ رواں سال اب تک صرف ایک بڑے ایونٹ میں شریک ہوئے تاہم ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا پرچم بلند کیا۔
بھارت کے نیرج چوپڑا نے جیولن تھرو کی عالمی رینکنگ میں سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 1445 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے، انہوں نے گرینیڈا کے اینڈرسن پیٹر کو پیچھے دھکیل دیا جو اب 1431 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔جرمنی کے جولین ویبر 1407 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

ارشد ندیم نے اب تک پیرس اولمپکس کے بعد صرف ایک مقابلے میں حصہ لیا، جس کی وجہ سے ان کے رینکنگ پوائنٹس میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہو سکا۔
ذرائع کے مطابق، وہ ستمبر میں ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ سے قبل 2 سے 3 عالمی مقابلوں میں حصہ لینے کی تیاری کر رہے ہیں، جس سے ان کی عالمی درجہ بندی میں بہتری کی امید کی جا رہی ہے۔
ارشد ندیم، جو ماضی میں اولمپکس، کامن ویلتھ گیمز اور ایشین چیمپئن شپ جیسے بڑے مقابلوں میں ملک کے لیے تمغے جیت چکے ہیں، اب ایک بار پھر ورلڈ لیول پر پاکستان کے لیے نئی تاریخ رقم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔