اسلام آباد: گزشتہ روز معروف یو ٹیوبر اور صحافی عمران ریاض خان بازیاب ہو کر گھر پہنچ گئے، جاوید چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ بازیابی میں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے مرکزی کردار ادا کیا۔
تفصیلات کے مطابق اپنے حالیہ وی لاگ میں جاوید چوہدری نے کہا کہ میں نے اور ایک دوسرے صحافی نے مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف سے یہ درخواست کی کہ عمران ریاض کی بازیابی میں اپنا کردار ادا کریں۔
نواز شریف وزیراعظم بنے تو خود کو وزیر نہیں دیکھتا۔شاہد خاقان عباسی
وی لاگ میں گفتگو کے دوران جاوید چوہدری نے کہا کہ ہم دو صحافیوں کے کہنے پر نواز شریف نے انتظامیہ اور اسٹیبلشمنٹ پر دباؤ ڈالا اور پھر معروف صحافی عمران ریاض خان کی رہائی کو ممکن بنا لیا گیا۔
گفتگو کے دوران جاوید چوہدری نے کہا کہ نواز شریف کو یہ علم ہے کہ شریف خاندان کے بارے میں عمران ریاض خان کی کیا رائے ہے، تاہم انسانی ہمدردی کی بنیاد پر نواز شریف نے عمران ریاض کی بازیابی کیلئے اسٹیبلشمنٹ سے رابطہ کیا۔
خیال رہے کہ معروف یو ٹیوبر اور صحافی عمران ریاض خان پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے حق میں درجنوں ویڈیوز میں اظہارِ خیال کرچکے ہیں جس کے دوران نواز شریف، شہباز شریف اور شریف خاندان کے دیگر اراکین کی بدعنوانی پر رپورٹس بھی شامل ہیں۔