جاپان اور پاکستان نے جی20 کے قرض مؤخر کرنے کے اقدام (ڈی ایس ایس آئی) کے تحت تقریباً 16 کروڑ ڈالر قرض مؤخر کرنے پر اتفاق کرلیا۔
جاپان کے سفارت خانے سے جاری بیان کے مطابق اس سے قبل 27 اپریل 2021 کو پاکستان اور جاپان نے 40 ارب جاپانی ین (تقریباً 37 کروڑ ڈالر) اور 22 اکتوبر 2021 کو تقریباً 20 کروڑ ڈالر قرض کے التوا پر اتفاق کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:
انجلینا جولی مسلمان بچے کیوں گود نہیں لیتیں؟ اہم وجہ سامنے آگئی
مؤخر کردہ قرض کی مجموعی رقم تقریباً 73 کروڑ امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہے جس سے حکومت پاکستان کو کورونا کی وبا اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے متاثرہ اپنی معیشت بحال کرنے کے لیے مالی گنجائش مل گئی ہے۔
جن رعایتی قرضوں کی ادائی مؤخر کردی گئی ہے، یہ سہولت 1990 کی دہائی سے 2010 تک پاکستان میں ترقیاتی کاموں جیسے سڑکوں، سرنگوں، پاور پلانٹس کی تعمیر، آب پاشی، پانی کی ترسیل، نکاسی آب وغیرہ کے لیے فراہم کی گئی تھی۔
بیان کے مطابق پاکستان کے لیے رعایتی قرضے کی رقم کم شرح سود کے ساتھ ساتھ طویل رعایتی اور ادائی کی مد میں آسان شرط پر حاصل سہولت ہے، گزشتہ معاہدے کے تحت یکم جولائی سے 31 دسمبر 2021 کے درمیان واجب الادا قرض اور سود کی ادائیگی 15 جون 2023 کے بعد دوبارہ شیڈول ہوگی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ قرض کے التوا کے ساتھ ساتھ حکومت جاپان نے پاکستان کو حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے 70 کروڑ امریکی ڈالر کی ہنگامی امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
جاپان کی طرف سے دی گئی ہنگامی امداد پاکستان کے مختلف علاقوں میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے شدید متاثرہ افراد کو خوراک، پناہ گاہیں اور غیر غذائی اشیا، صحت اور طبی دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ پانی اور دیگر شعبوں میں متعدد بین الاقوامی تنظیموں کے ذریعے انسانی امداد کی سرگرمیوں تحت فراہم کی جائے گی۔
پاکستان میں جاپان کے سفیر واڈا میتسوہیرو نے پاکستان سے تعاون کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ میں یقین دلانا چاہتا ہوں کہ جاپان، پاکستانی عوام کی مدد کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ تیزی سے بڑھتے ہوئیں ضروریات کے پیش نظر ہم اپنی طرف سے مدد فراہم کرنے کے لیے متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑے ہیں۔
جاپانی سفیر نے کہا کہ ’2022 فلڈ ریسپانس پلان‘ کے حصے کے طور پر ہم قومی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے اجتماعی اور مربوط سرگرمیاں یقینی بناتے ہوئے اپنی امداد میں توسیع کریں گے۔
واضح رہے کہ حکومت جاپان پہلے ہی پاکستان کو ہنگامی سیلابی امداد کے طور پر سیلاب متاثرین کے لیے خیمے اور پلاسٹک شیٹس فراہم کر چکی ہے جو ضرورت مند سیلاب متاثرین میں تقسیم کیے گئے ہیں۔