لاہور: جاپانی حکومت نے صوبہ پنجاب کے لیے 6 ارب 20 کروڑ روپے گرانٹ کی منظوری دے دی۔ گرانٹ کی رقم فیصل آباد میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور واٹر ڈسٹری بیوشن سسٹم کی بہتری کے لیے استعمال کی جائے گی۔
پاکستان میں جاپانی حکومت کے سفیر کنینوری مٹسڈا نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو خط لکھ کر گرانٹ کی فراہمی سے آگاہ کیا جس پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گرانٹ پر جاپان کی حکومت اور جاپان کے سفیر کا شکریہ ادا کیا۔
عثمان بزدار نے کہا کہ فیصل آباد میں نکاسی و فراہمی آب کے نظام میں بہتری ناگزیر ضرورت ہے- پاکستان اور جاپان کے درمیان بہترین تعلقات ہیں- ان تعلقات میں ہر آنے والے روز بہتری آرہی ہے-
وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام کی زندگی میں بہتری لانے کے لئے جاپان کے تعاون کو سراہتے ہیں- حکومت پنجاب عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے لئے جاپان کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
جاپانی سفیر کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ جاپان کا معاشی تعاون پنجاب کے لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنے میں معاون ثابت ہو گا- ان کا کہنا تھا کہ جاپان اور پنجاب کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے تعاون جاری رکھا جائے گا۔