سابق پاکستانی سفیر کی بیٹی نور مقدم کے اندوہناک قتل پر ہالی ووڈ اداکارہ خاموش نہ رہ سکیں، جمیلہ جمیل نے کہا ہے کہ مردوں کو اس ظلم کے خلاف بولنا ہوگا اور آواز اٹھانی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی اداکارہ جمیلہ جمیل نے نور مقدم کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت میں ظلم و تشدد اور قتل و غارت کے واقعات اتنے بڑھ گئے ہیں کہ اب ایسے واقعات پر مجھے حیرت نہیں ہوتی۔
فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اپنے پیغام میں اداکارہ جمیلہ جمیل نے کہا نور مقدم کے ساتھ جو ظلم ہوا، اسے جان کر مجھے شدید مایوسی ہوئی اور اس سے زیادہ خوف اس بات سے آیا کہ اس قسم کا تشدد بھی مجھے حیران نہ کرسکا۔
پیغام میں اداکارہ جمیلہ جمیل نے کہا کہ پاکستان اور بھارت میں ظلم و تشدد کے واقعات اتنے بڑھ گئے ہیں کہ ان پر حیرانی نہیں ہوتی۔ میں دنیا بھر کے مشہور مرد حضرات سے اپیل کرتی ہوں کہ خواتین پر ہونے والے ظلم کے خلاف آواز اٹھائیں۔
قبل ازیں 20 جولائی کے روز سابق پاکستانی سفیر شوکت مقدم کی 27 سالہ بیٹی نور مقدم کو بے رحمی سے قتل کردیا گیا۔ پولیس نے ملزم ظاہر جعفر کو جائے واردات سے گرفتار کر لیا ہے جبکہ خواتین کے حقوق کا تحفظ سوالیہ نشان بن کر رہ گیا۔
اداکارہ جمیلہ جمیل نے کہا کہ خواتین اور مردوں کے حقوق برابر ہیں، خاص طور پر جان کا تحفظ ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔ یہ مردوں کا مسئلہ ہے تاہم ہم خواتین کو اس کی قیمت چکانا پڑتی ہے۔ انہوں نے نور مقدم کیس کی خبر بھی شیئر کی۔
یہ بھی پڑھیں: ننھے مہمان کی آمد کی افواہیں، پیرس ہلٹن نے خبر مسترد کردی