جماعت اسلامی پاکستان نے سراج الحق کی دوسری مدت امارت کے اختتام پر نئے امیر کے انتخاب کا فیصلہ کرلیا ہے۔
جماعت اسلامی کے انتخابی کمیشن کے صدر راشد نسیم نے امیر جماعت کے انتخاب کے پہلے مرحلے میں شوریٰ کی رائے کے مطابق ارکان جماعت کی راہنمائی کے لیے تین ناموں کا اعلان کر دیا ہے، جس میں موجودہ امیر سراج الحق، لیاقت بلوچ اور امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان شامل ہیں۔ ارکان جماعت ان تین کے علاوہ بھی کسی رکن کو امیر جماعت کے منصب کے لیے ووٹ دے سکتے ہیں۔
ترجمان جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف کے مطابق امیر جماعت کے انتخاب کے تمام مراحل 31 مارچ 2024 تک مکمل کیے جائیں گے جبکہ ماہ اپریل میں صدر الیکشن کمیشن راشد نسیم نتائج کا اعلان کریں گے جس کے بعد نو منتخب امیر جماعت اسلامی پاکستان کسی تقریب میں حلف امارت لیں گے۔ اس وقت امیر جماعت اسلامی سراج الحق اپنی دوسری مدت امارت مکمل کررہے ہیں۔
قیصر شریف کے مطابق جماعت اسلامی ایک مکمل جمہوری جماعت ہے جس میں امیر جماعت کی مدت امارت ختم ہونے سے تین ماہ پہلے انتخابی کمیشن از سر نو امیر کے انتخاب کے عمل کا آغاز کرتا ہے، امیر جماعت کا انتخاب ہر پانچ سال بعد دستور کے مطابق ہوتا ہے۔
ان کے مطابق جماعت اسلامی پاکستان کا الیکشن کمیشن ایک آزاد اور خود مختار ادارہ ہے جو پانچ افراد پر مشتمل ہے جن کا انتخاب مرکزی مجلس شوریٰ کرتی ہے جس کے صدر راشد نسیم اور دیگر منتخب ارکان میں بلال قدرت بٹ، سردار ظفر حسین، ڈاکٹر عطاء الرحمن اور انجینئر اخلاق احمد شامل ہیں۔