جماعت اسلامی کا فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک گیر احتجاج کا اعلان

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Jamaat-e-Islami announces nationwide protest in solidarity with Palestinians
ONLINE/FILE PHOTO

جماعت اسلامی نے ملک بھر میں کل بروز جمعہ فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے پُرامن احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

لاہور میں منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ اسرائیل نے یکطرفہ طور پر غزہ میں جنگ بندی کو ختم کرکے شدید بمباری کی جس کے نتیجے میں بچوں سمیت سیکڑوں افراد شہید ہوئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اور اسرائیل دہشت گرد ریاستیں بن چکے ہیں اور بطور مسلمان ہمیں اس ظلم کے خلاف آواز اٹھانی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ کے عوام مسلم ممالک کی طرف دیکھ رہے ہیں اور ان سے مدد کی امید رکھتے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ پاکستان ایک جوہری طاقت اور ایک پیشہ ور فوج رکھتا ہے اور اہلِ غزہ کو ہم سے امیدیں وابستہ ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ جمعہ کی نماز کے بعد پورے ملک میں فلسطینیوں کی حمایت میں احتجاج کیا جائے گا اور بڑے شہروں میں امریکی قونصل خانوں کی جانب مارچ کیا جائے گا۔

انہوں نے حکومت اور تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ فلسطینی عوام کی حمایت میں واضح پیغام دیں۔ انہوں نے پاکستان کے حکمران طبقے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کو کمزور کر چکے ہیں جبکہ ایک مخصوص گروہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات بڑھانے کی کوشش کی تو اسے شدید عوامی ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

Related Posts