کراچی کے کورنگی انڈسٹریل ایریا کے جام صادق پل کو آج صبح ملیر ایکسپریس وے پر تعمیراتی کام کے باعث تمام قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ جام صادق پل 14 سے 17 مارچ تک روزانہ صبح 7 بجے سے دوپہر 2 بجے تک بند رہے گا۔ یہ فیصلہ پل پر جاری تعمیرتی کام کی تکمیل کیلئے کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے ٹریفک کی آمدورفت معطل رہے گی۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ اختر کالونی سے کورنگی انڈسٹریل ایریا کی طرف جانے والی ٹریفک کو متبادل راستے کے طور پر کورنگی کاز وے اور ایس ایم منیر روڈ کے ذریعے بروکس چورنگی کی جانب موڑا جائے گا۔
کورنگی انڈسٹریل ایریا سے محمود آباد جانے والی گاڑیوں کو بروکس چورنگی سے فیض محمد خان روڈ کی طرف موڑا جائے گا۔ ڈیفنس سے کراچی ائیرپورٹ کی جانب جانے والے مسافروں کو کورنگی روڈ، کالا پل اور ایف ٹی سی فلائی اوور کا متبادل راستہ اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شہری سفر کے دوران مشکلات سے بچنے کیلئے متبادل راستوں کا استعمال کریں۔مسافروں کی رہنمائی کیلئے اضافی اقدامات بھی اٹھائے جارہے ہیں۔