پاکستانی فلم انڈسٹری میں موسیقی کے نئے رجحانات متعارف کروانے والے معروف موسیقار امجد بوبی کو دنیا فانی سے گزرے 20 برس بیت گئے تاہم ان کی یادیں آج بھی ان کے مداحوں کے دل میں زندہ ہیں۔
امجد بوبی 1942 میں بھارتی پنجاب کے شہر امرتسر میں پیدا ہوئے۔ وہ مشہور و معروف موسیقار رشید عطرے کے بھانجے تھے جبکہ انکے والد خود بھی ایک کلاسیکل گلوکار تھے ۔
امجد بوبی کا پورا نام امجد حسین خان تھا تاہم وہ امجد بوبی کے نام سے مشہور ہوئے، انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 1969 سےکیا تاہم انہیں موسیقی کی دنیا میں بڑا بریک تھرو اگلے 10 سال بعد ملا جبکہ اسی کی دھائی میں وہ پاکستانی موسیقی کے لیے لازم و ملزوم ہوگئے تھے ۔
امجد بوبی نے نہ صرف ملک بلکہ بیرون ملک بھی اپنے فن کا لوہا منوایا، انہوں نے بالی وڈ انڈسٹری کیلئے بھی گانوں کی موسیقی ترتیب دی، ان کی ترتیب دی گئی دھنوں پر سونونگم نے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا۔
امجد بوبی نے اپنے 40 سالہ دور میں گھونگھٹ ، پرورش ، کبھی الوداع نہ کہنا ، گھر کب آؤ گے اور متعدد فلموں کے لیے لازوال اور دلنشین موسیقی تخلیق کیں۔
دنیائے موسیقی کا یہ عظیم ستارہ آج ہی کے روز 2005 میں 63 سال کی عمر میں حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کرگئے ، انہیں 2 مرتبہ نگار ایوارڈ جبکہ 1999 میں بولان ایوارڈ سے نوازاگیا تھا۔