کراچی: استحکام پاکستان پارٹی کے صوبائی صدر محمود مولوی،جنرل سیکریٹری علی جونیجو کی قیادت میں انتخابی امیدواروں نے مزار قائد پر حاضری دی۔
اس موقع پر استحکام پاکستان پارٹی کے وفد نے مزار قائد پر پھول چڑھائے اور ملک کی ترقی کے لئے دعائیں مانگی۔
استحکام پاکستان پارٹی سندھ کے صدر محمود مولوی کا اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج سے ہم الیکشن مہم کا باقاعدہ آغاز کررہے ہیں۔
ہم نے اپنی الیکشن مہم کا آغاز مزار قائد سے کیا ہے،انہوں نے کہا کہ بلے کا نشان پی ٹی آئی سے لے لیا گیا ہے اس پر ہمیں خوشی نہیں، اگر بلا ہوتا بھی تو ہم ان کا مقابلہ کرتے۔
محمود مولوی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے قانونی غلطیاں کی ہیں،دن بہت کم ہے اور مقابلا سخت ہے،ہم ہر حلقے میں اپنی بھرپور مہم چلائیں گے،محمود مولوی نے کہا کہ ہم نے 41 امیدوار کھڑے کیے ہیں۔
ہمارا منشور عوامی منشور ہے،محمود مولوی نے کہا کہ ہم 300 یونٹ تک مفت بجلی دیں گے، آدھی قیمت پر موٹرسائیکل سواروں کو پیٹرول دینگے، انہوں نے کہا کہ اگلی حکومت مخلوط بنے گی ہم اس کا حصہ ہونگے۔