تل ابیب: اسرائیلی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ ایشیاء کے ایک مسلم ملک کے سربراہ کے سینئر ایڈوائزر نے یہودی جمہوریہ اسرائیل کے دارالحکومت کا دورہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیلی اخبار اسرائیل ہیوم کا کہنا ہے کہ ایک مسلم اکثریتی ملک کے رہنما کا سینئر ایڈوائزر حال ہی میں تل ابیب پہنچا جبکہ اس ملک کے اسرائیل کے ساتھ کوئی سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔
اخبار کا کہنا تھا کہ ایشیائی ملک، سربراہ یا ایڈوائزر کا نام سینسرشپ کی پابندیوں کے باعث نہیں لیا جاسکتا، تاہم یہ ضرور بتایا جاسکتا ہے کہ 2 ہفتے قبل مذکورہ سینئر ایڈوائزر تل ابیب میں سینئر آفیشلز کے ایک وفد کے ہمراہ اسرائیلی حکام سے ملاقات کیلئے آئے تھے۔
یاد رہے کہ یہودی جمہوریہ اسرائیل پاکستان سمیت درجن بھر مسلم ممالک سے رابطے کی کوششوں میں مصروف ہے کہ اسے تسلیم کیا جائے۔مختلف ممالک کی طرف سے اسرائیل کو تسلیم کیے جانے کی خبریں بھی موصول ہورہی ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ میں رواں ماہ شائع ہونیوالی خبروں میں کہا گیا کہ اسرائیلی حکومت کے فیصلہ ساز حلقوں کے قریبی ذرائع کے مطابق مراکش کے بعد اسرائیل کو تسلیم کرنے والا اگلا ملک عمان ہوسکتا ہے۔
مزید پڑھیں: اسرائیل کی پاکستان سمیت درجن بھر مسلمان ممالک سے رابطے کی کوشش