ایک 27 سالہ اسرائیلی خاتون سیاح اور ایک 29 سالہ مقامی خاتون کے ساتھ اجتماعی جنسی زیادتی کا شرمناک واقعہ پیش آیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کی رات انڈین ریاست کرناٹکا کے ہمپی نامی سیاحتی علاقے میں پیش آیا، جہاں 2 خواتین سیاح جن میں ایک 27 سالہ اسرائیلی اور 29 سالہ مقامی بھارتی خاتون شامل تھیں، کا گینگ ریپ کیا گیا، حملہ آوروں نے ان کے 3 مرد ساتھیوں پر بھی حملہ کیا اور تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد میں انہیں نہر میں پھینک دیا۔
رپورٹ کے مطابق 3 مردوں میں سے ایک کی لاش صبح پانی سے برآمد ہوئی۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کو سناپور جھیل کے قریب پیش آیا، یہ غیر ملکی سیاحوں میں کافی مقبول ہے، رپورٹ کے مطابق ایک اسرائیلی خاتون سمیت چار سیاح جن کا تعلق اڑیسہ، امریکا اور مہاراشٹر سے تھا، جھیل کے قریب بیٹھ کر گٹار بجا رہے تھے اور موسیقی سے لطف اندوز ہو رہے تھے۔
اس دوران تین موٹر سائیکل سوار افراد ان کے پاس پہنچے اور ان سے پیٹرول پمپ کا راستہ پوچھا، جب خاتون نے بتایا کہ آس پاس کوئی اسٹیشن نہیں ہے تو انہوں نے ان سے رقم کا مطالبہ کیا، انکار پر شرپسندوں نے بدتمیزی کی اور ان پر حملہ کردیا۔
شکایت درج کرانے والی خاتون نے بتایا کہ حملہ آوروں نے مرد سیاحوں کو نہر میں دھکا دے دیا اور تین میں سے 2 حملہ آوروں نے اس کے ساتھ اور اسرائیلی سیاح کے ساتھ جنسی زیادتی کی۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان شکایت کنندہ خاتون کو گھسیٹ کر نہر کے کنارے لے گئے، جہاں ایک نے شخص اس کا گلا دبانے کی کوشش کی اور اس کے کپڑے اتار دیے، اس کے بعد ان میں سے 2 نے اسے تشدد اور جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا، انہوں نے اس کا بیگ بھی چھین لیا جس میں 2 موبائل فون اور ساڑھے 9 ہزار روپے تھے۔
رپورٹ کے مطابق اسی طرح تیسرا حملہ آور اسرائیلی سیاح کو گھسیٹ کر ایک سائیڈ پر لے گیا اور اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی، اس کے بعد حملہ آور موٹر سائیکل پر فرار ہو گئے۔
پولیس نے بتایا کہ مہاراشٹر اور امریکا سے تعلق رکھنے والے سیاح نہر سے باہر آنے میں کامیاب ہوگئے اور ایک سرکاری اسپتال میں زیر علاج ہیں، تاہم اڈیشہ سے تعلق رکھنے والا سیاح باہر آنے میں ناکام رہا اور آج صبح اس کی لاش ملی۔