اسرائیلی فوج نے دمشق میں ایرانی سفارتخانے کے قریب واقع ایک عمارت پر بمباری کی جس کے نتیجے میں ایرانی پاسداران انقلاب کے ایک انٹیلی جنس کمانڈر سمیت پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔
العربیہ کے مطابق تین اسرائیلی جنگی طیاروں نے مِزہ کے علاقے میں ایک رہائشی عمارت پر دو میزائل داغے جس کے نتیجے میں ایک چار منزلہ عمارت منہدم ہوگئی۔
اس دھماکے کے فوری بعد کے مناظر کی ویڈیو بھی منظر عام پر آچکی ہے۔
شام میں حکومت نواز اتحاد کے ایک ذرائع نے خبر رساں ایجنسی روئٹرز کو تصدیق کی ہے کہ حملے میں ایرانی پاسداران انقلاب کا ایک کمانڈر مارا گیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ جس عمارت کو نشانہ بنایا گیا اسے ایرانی فوجی مشیر استعمال کرتے تھے۔
شامی خبر رساں ایجنسی سانا کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی حملے کا نشانہ دارالحکومت کے وسط میں ایک رہائشی عمارت تھی۔ حملے کا نشانہ المزہ کا علاقہ تھا جہاں زیادہ تر مغربی طرز کے وِلاز موجود ہیں۔
انسانی حقوق کی رصدگاہ کے سربراہ نے دھماکے میں پانچ افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔
العربیہ تبصرہ کرتے ہوئے انسانی حقوق کی رصدگاہ کے ڈائریکٹر رامی عبد الرحمان نے بتایا کہ دھماکہ دمشق کے اس علاقے میں ہوا جہاں پر تحریک جہاد اور حزب اللہ کی قیادت رہائش پذیر ہوتی ہے۔