مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ اور اب لبنان میں معصوم بچوں کو خاک و خون میں نہلا دینے والے اسرائیلی فوجی دھاڑیں مار کر رونے لگے، ساتھی فوجی کی لاش لے جانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں اسرائیلی فوجی دھاڑیں مار مار کر رورہے ہیں اور ایک ساتھی اہلکار کی لاش اٹھا کر ساتھ لے جارہے ہیں۔ ویڈیو میں چند اسرائیلی فوجیوں کو لاش اٹھا کر بھاگتے دیکھا جاسکتا ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجی غزہ میں ہلاک ساتھی کی لاش کو نکالنے کیلئے بھاگ کر جارہے ہیں، تاہم اس کی کوئی تصدیق نہیں ہوسکی، نہ ہی ویڈیو ریکارڈ کیے جانے کی تاریخ سامنے آسکی ہے۔ ایسی ہی ایک اور ویڈیو بھی وائرل ہورہی ہے۔
دوسری ویڈیو میں اسرائیل کی خواتین فوجی اہلکار حماس کے راکٹ حملوں سے خوفزدہ ہیں اور خوف کے مارے رو بھی رہی ہیں۔ ایک ساتھی اہلکار رونے والی خاتون فوجی کو دلاسہ دینے کی کوشش کرتی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد ویڈیوز پر تبصرے کر رہی ہے۔
اس سے قبل حماس کے حملے میں ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوج کے ٹاپ کمانڈر کی ہلاکت اور تدفین سے پہلے ادا کی جانے والی رسومات کے دوران اسرائیلی فوجیوں کی مسلسل رونے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جسے ہزاروں بار دیکھا جاچکا ہے۔
گزشتہ برس 7 اکتوبر سے جاری غزہ اور فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کے نتیجے میں 43 ہزار سے زائد فلسطینی شہری شہید اور 1 لاکھ سے زائد زخمی ہوئے ہیں جن میں ہزاروں کی تعداد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ لاکھوں افراد بے گھر ہوگئے۔