حماس کے اسرائیل پر بڑے حملے کے بعد اسرائیل کی غزہ پر بمباری کے نتیجے میں 200 سے زائد فلسطینی شہید اور ایک ہزار سے زائدزخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق حماس کے اسرائیل پر حملے بعد اسرائیل نے غزہ پر بمباری شروع کردی، اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے راکٹ حملوں کے جواب میں غزہ میں حماس کے اہداف پر جوابی فضائی حملے کیے ہیں۔
الجزائری رہنما کا اسرائیل کیخلاف فلسطینیوں کی مسلح مدد کا مطالبہ
غزہ اور اردگرد کے اسپتالوں سے عرب میڈیا کو موصولہ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فورسز کے آج کے حملوں میں 200 سے زائد فلسطینی شہید اور ایک ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل کی سیکیورٹی کابینہ کا اجلاس مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے ہوگا اور آئی ڈی ایف نے حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔
اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو نے ایک ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہم حالتِ جنگ میں ہیں‘ اسرائیل کے وزیر دفاع یواو گیلنٹ نے دھمکی دی ہے کہ حماس نے ’ایک سنگین غلطی‘ کی ہے اور یہ کہ ’اسرائیل کی ریاست یہ جنگ جیت جائے گی‘۔
واضح رہے کہ رواں سال اسرائیل کے مظالم کے نتیجے میں جنوری سے اب تک تاحال 250 سے زائد مظلوم فلسطینی باشندے شہید ہوئے جبکہ آج کی شہادتیں علیحدہ ہیں۔