اسلام آباد:شہر اقتدارکے سیکٹر ایف7کی طالبات نے اگلی کلاس میں پروموشن کیلئے امتحان کا بائیکاٹ کرنے کااعلان کردیا۔
نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے طالبات نے ایم ایم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے ساتھ الحاق شدہ دیگر کالجوں کی طالبات کو کوروناوائرس کے دوران اگلی کلاسوں میں پروموٹ کر دیا گیا ہے۔
طالبات نے کہا کہ ہمارے کالج کی تمام طالبات کو اگلی کلاسز میں جانے کیلئے امتحان دینے کا کہا جا رہاہے، مظاہرے میں شریک طالبات کا کہنا تھا کہ 6سے 8ماہ تک کالجز بند رہے اور ہم کسی بھی قسم کی کلاس نہیں لے سکیں اور کالج کھلتے ہی ہم سے امتحان میں بیٹھنے کا مطالبہ کیاجا رہا ہے جو کہ سرا سر زیادتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے ساتھ الحاق شدہ تمام دیگر کالجوں نے طالبات کو اگلی کلاسوں میں پروموٹ کر دیا ہے لیکن ہمارے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک روا رکھا جا رہاہے۔
احتجاج کے دوران طالبات نے آج سے شروع ہونے والے امتحان کا مکمل طور پر بائیکاٹ کرنے کااعلان کیا، اس موقع پر طالبات کے والدین بھی موجود تھے، ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کورونا وائرس کے دوران بھی تمام فیسیں ادا کیں اور کالجز اور یونیورسٹی کے تمام فنڈز ادا کئے لیکن اس کے باوجود ہماری بچیوں کا مستقبل داؤ پر لگایا جا رہاہے۔
طالبات کے والدین نے کہا کہ ہماری بچیوں نے کورس مکمل طور پر پڑھا ہی نہیں اور وہ امتحان کس بنیاد پر دیں، امتحان میں بیٹھنے کیلئے کورس مکمل کرنا اور پھر اس کی مکمل تیاری کی گئی ہو، حالانکہ وزیرتعلیم نے اعلان کررکھا ہے کہ تمام طلبہ وطالبات کو سہولت دی جائے گی کہ انہیں بغیر امتحان دیئے اگلی کلاسوں میں پروموٹ کردیاجائے گا۔
ہمارا مطالبہ ہے کہ ہمارے بچوں کو بھی بغیر امتحان کے اگلی کلاسوں میں پروموٹ کیاجائے، بصورت دیگر ہم دھرنا دینگے اور وزیرتعلیم کے گھر کا گھیراؤ کریں گے کیونکہ ہماری بچیوں کا تعلیمی مستقبل خطرے میں ہے، ہم نہیں چاہتے کہ ہمارے بچے ان پڑھ رہ جائیں۔