وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قبضہ مافیا سے پارک انکلیو کی 450 کنال زمین کا قبضہ حاصل کرنے کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شہرِ اقتدار میں چیئرمین سی ڈی اے (کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی) عامر علی احمد کی سربراہی میں اجلاس منعقد ہوا جس کے دوران انفورسمنٹ ڈپارٹمنٹ کو قبضہ مافیا سے قبضہ چھڑانے کی ہدایت جاری کردی گئی۔
باوثوق ذرائع کے مطابق پارک انکلیو 2 کی خالی زمین پر قبضہ مافیا نے سی ڈی اے کے افسران کی ملی بھگت سے قبضہ کر رکھا ہے جس سے قبضہ چھڑانے کے لیے اسلام آباد انتظامیہ نے کمر کس لی ہے۔ اسلام آباد کے ہاؤسنگ منصوبے پارک 2 میں 450 کنال زمین کا قبضہ حاصل کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس کے دوران چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ پارک انکلیو ٹو میں ترقیاتی کاموں کا آغاز یقینی بنانے کے لیے قبضہ حاصل کرنا ضروری ہے جس کیلئے ڈی ڈبلیو پی کا خصوصی اجلاس 10 روز کے اندر بلانے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ تمام ترقیاتی کام مئی تک شروع کردئیے جائیں۔
ذرائع کے مطابق پارک 2 کی گلیوں میں کوئی مسائل نہیں جبکہ عوام گھر تعمیر کرنے میں مصروف ہیں۔ اجلاس کے دوران چیئرمین سی ڈی اے نے پارک انکلیو ون میں مسجد کی تعمیر مقررہ وقت میں مکمل کرنے پر زور دیا جبکہ یہ مسجد مراکش کی طرف سے تحفے کے طور پر تعمیر کی جارہی ہے۔
سی ڈی اے کے مطابق یہ عظیم الشان مسجد وفاقی دارالحکومت کی بڑی مساجد میں سے ایک ہوگی جبکہ اسلام آباد کے سیکٹر آئی 12 اور ای 12 کے باقی ماندہ ترقیاتی کاموں کے ٹینڈرز آئندہ 3 ہفتوں میں جاری کردئیے جائیں گے۔ آئی 15 میں ترقیاتی کام رواں ماہ شروع کردیا جائے گا۔