اسلام آباد :گرمی بڑھتے ہی شہر اقتدار کے مختلف سیکٹرز میں پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا ،شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ، جوہڑ کاپانی پینے سے بیماریاں بھی پھوٹ پڑیں۔
یوسی 41 اور یوسی 42 میں پانی کی شدید قلت ہے ،شہر بھر کے تمام واٹر فلٹر سوکھے پڑے ہیں ،کورونا وائرس کا بہانہ بنا کر تمام عملہ موج مستیوں میں مصروف ہے ۔ ڈائریکٹر واٹر سپلائی ڈپٹی ڈائریکٹر اسسٹنٹ ڈائریکٹر سمیت عملہ دفاتر سے غائب ہوگیاہے ۔
شہر بھر کے تمام ٹیوب ویلز کی موٹریں خراب ہوچکی ہیں جن کی تاحال مرمت نہیں کی جاسکی، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں جبکہ پرائیویٹ اور سرکاری ٹینکر بھی دستیاب نہیں جس کی وجہ سے شہری شدید پریشان ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ گرمی کے سیزن میں ہمیشہ اسلام آباد میں پانی کی قلت ہو جاتی ہے لیکن اس کا کوئی بھی خاطر خواہ انتظام نہیں کیا جاتا ۔شکایت کرنے پر واٹر سپلائی والے ٹال مٹول سے کام لیتے ہیں ۔
اسلام آباد کے عوام نے بتایا کہ گرمیوں میں پانی کی قلت کی وجہ سے لوگ جوہڑوں کاگند ا پانی پینے پر مجبور ہیں جس کی وجہ سے مختلف بیماریاں اور جلدی امراض کا مسئلہ بھی سر اٹھا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی کو صاف پانی فراہم کرنیوالی لائن سے پانی چوری کیے جانے کا انکشاف