اسلام آباد :شہر اقتدار میں اسلام آباد ایکسپریس ہائی وے پر ڈیڑھ سال قبل شروع کیا جانے والا انڈر پاس تاحال مکمل نہ ہوسکا ،انڈر پاس کے تعمیر اتی کام کی وجہ سے راولپنڈی اسلام آبادکے شہری اذیت میں مبتلا ہیں ۔
انڈر پاس پر جاری کام کی وجہ سے راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والے شہریوں کو طویل چکر لگانے کے بعد اسلام آباد میں داخل ہونا پڑتا ہے ،اسی طرح اسلام آباد سے راولپنڈی جانے والے شہریوں کو گھنٹوں کے قطار میں لگ کر متبادل راستے سے گزرنا پڑتا ہے ۔
رش کے اوقات میں فیملیز اور بوڑھے بزرگوں کو انتہائی تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ڈیڑھ سال قبل شروع ہونے والا انڈر پاس مکمل نہ ہونے کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹھیکیدار اس پر مزید وقت لگانا چاہتا ہے اور اس انڈر پاس پر مزید لاگت کے بل پاس کرانا چاہتا ہے ۔
حیرت کی بات ہے کہ نمائندہ ایم ایم نیوزنے پرائیویٹ سول انجینئر سے اس انڈرپاس کے متعلق دریافت کیا کہ یہ انڈر پاس کتنے وقت میں تعمیر ہو سکتا ہے تو سول انجینئر کا کہنا تھا کہ انڈر پاس چھ ماہ کے عرصے میں مکمل ہو جانا چاہیے تھا لیکن گورنمنٹ کے ٹھیکیدار نے ڈیڑھ سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود اسے مکمل نہیں کیا ،گورنمنٹ کے ٹھیکیدار کی وجہ سے وقت اور پیسے کا ضیائع ہو رہا ہے۔
مزید پڑھیں:سنگجانی انڈر پاس مسائل کی آماجگاہ، سرکاری ارضی پر پختہ تعمیرات جاری