اسلام آباد میں کباڑئیے کے رکشے سے قرآنِ پاک کے مقدس اوراق برآمد ہونے پر عوام مشتعل ہو گئے۔ مظاہرین نے ایکسپریس ہائی وے بند کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اسلام آباد کے علاقہ کری روڈ میں ہوا جہاں عوام نے ایک کباڑ لے جانے والے رکشے کو قرآنِ پاک کے مقدس اوراق کی موجودگی کے باعث پکڑ لیا۔ قرآنِ پاک کی بے حرمتی پر عوام شدید مشتعل ہیں۔
مشتعل مظاہرین جن کا تعلق کری روڈ اور کھنہ پل کے علاقوں سے ہے، اسلام آباد ایکسپریس ہائی وے ٹریفک کی آمدورفت کیلئے بند کردی۔ تھانہ کھنہ کے ڈیوٹی افسر اور پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
آج صبح کے وقت سے ہی اسلام آباد ایکسپریس ہائی وے کے دونوں اطراف کی ٹریفک بلاک کردی گئی۔ تھانہ کھنہ کے پولیس افسران مظاہرین سے مذاکرات کی کوشش کر رہے ہیں تاہم مشتعل اہلیانِ علاقہ کسی قسم کے مذاکرات کیلئے تیار نہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ کچرے اور کاٹھ کباڑ کے رکشے سے قرآنِ پاک کے مقدس اوراق کی برآمدگی مقدس کتاب کی بے حرمتی ہے۔
گزشتہ 3 گھنٹوں سے اسلام آباد ایکسپریس وے بلاک ہے۔ ہائی وے پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کی بڑی تعداد آمدورفت میں مشکلات کا شکار ہے جن میں بچے اور بوڑھے بھی شامل ہیں۔ بلاک روڈ پر کھڑی ہوئی گاڑیوں میں ایمبولینسز بھی شامل ہیں۔
صبح کے وقت دفتر جانے والے افراد کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ مقدس اوراق کی بے حرمتی کرنے والوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔ مظاہرین نے پولیس سے مذاکرات سے انکار کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: قرآنِ پاک کی بے حرمتی کے بڑھتے ہوئے واقعات، دُنیا کہاں جا رہی ہے؟