اسلام آباد: وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ ہماری اگلی نشست آج ہوگی جس میں ان کے مطالبات سامنے آئیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم حکومت کے دوران پی ٹی آئی اور وفاقی وزراء گزشتہ روز پہلی بار مذاکرات کیلئے ایک میز پر بیٹھے۔ اپنے ایک بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ طے ہے کہ آئین میں رہ کر معاملات کو حل کرنا ہے۔
حکومت اور تحریک انصاف کے مذاکرات کا پہلا دور ختم
بیان میں وزیرِخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ان کا جو بھی مطالبہ ہے، تحریکِ انصاف آج وفاقی حکومت کے سامنے رکھے گی۔ آج 3 بجے ہماری اگلی نشست ہوگی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف اور حکومتی نمائندوں کے درمیان ملک میں ایک ہی دن انتخابات کرانے کے معاملے پر مذاکرات کا پہلا دور اختتام پذیر ہوگیا۔
تحریک انصاف کی جانب سے گزشتہ روز سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری اور معروف قانون دان سینیٹر علی ظفر نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کیے،مولانا فضل الرحمان کی جماعت کا کوئی نمائندہ حکومت کی مذاکراتی ٹیم کا حصہ نہیں بنا۔
پی ڈی ایم حکومت کی جانب سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور وفاقی وزیر ایاز صادق جبکہ پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی، سید نوید قمر، ایم کیو ایم کی کشور زہرہ اور محمد ابوبکر مذاکراتی ٹیم کا حصہ تھے۔