اسلام آباد: وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے آئی ایم ایف کو پاکستان کو دی گئی 3 ارب ڈالر فنانسنگ سے مطلع کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے پاکستان کو اربوں ڈالر کی فنانسنگ سے متعلق اطلاع کردی۔
آئی ایم ایف سے وعدہ خلافی؟ پیٹرولیم ڈویژن کی سبسڈی کی سمری ارسال
وفاقی وزیرِ خزانہ کے بیان کے مطابق سعودی عرب نے پاکستان کو 2 ارب ڈالر دئیے تھے جبکہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو 1ارب ڈالر کی فنانسنگ کی، جس کی تصدیق کردی گئی ہے۔
وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین اسٹاف سطح کے معاہدے کی تمام شرائط پوری ہوچکیں، امید ہے کہ آئی ایم ایف جلد معاہدہ کرے گا جس کی منظوری ایگزیکٹو بورڈ سے لی جائے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پیٹرولیم ڈویژن نے آئی ایم ایف کو پیٹرول سبسڈی اسکیم ختم کرنے کی یقین دہانی کے باوجود وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کو پیٹرول سبسڈی کی سمری ارسال کردی۔
آج سے 5روز قبل سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق پیٹرولیم ڈویژن نے موٹر سائیکل سواروں اور چھوٹی کاروں کے مالکان کو ریلیف دینے کیلئے امیر طبقے سے 75روپے فی لیٹر اضافی وصول کرکے پیکیج متعارف کرانے کی سمری ارسال کی۔