دنیا کی امیر ترین خواتین میں شمار ہونے والی ریلائنس انڈسٹریز کے مکیش امبانی کی صاحبزادی ایشا امبانی نے پیر کے روز نیویارک میں ہونے والے میٹ گالا 2025 میں شرکت کر کے دنیا بھر کی نظریں اپنی جانب مبذول کر لیں۔
ایشا امبانی نے ایونٹ کی تھیم کو ہندوستانی شاہانہ طرز اور جدید طرزِ زندگی سے یوں ہم آہنگ کیا کہ ہر کوئی داد دیے بغیر نہ رہ سکا۔
ایشا نے معروف بھارتی ڈیزائنر انامیکا کھنہ کا تیار کردہ ایک سفید اوور کوٹ پہنا جس میں گہرے سیاہ رنگ کی پینٹ اور خوبصورت کارسیٹ اسٹائل بسٹیئر شامل تھا۔
ان کا کوٹ سونے، زمرد اور یاقوت کی نفیس کشیدہ کاری سے مزین تھا، جو ہندوستانی کاریگری کی عالمی سطح پر نمائندگی کر رہا تھا۔ بسٹیئر پر پیچیدہ کٹ ورک اور موتیوں کی تزئین نے روایتی ہندوستانی زیورات کی یاد تازہ کر دی۔
ان کا میک اپ بھی نہایت سادہ لیکن مؤثر تھا ، ہلکی لپ اسٹک، واضح آئی لائنراور پونی ٹیل میں بندھے بال۔ لباس اور انداز دونوں نے ایک ماں، بیوی اور کاروباری شخصیت کے طور پر ایشا کی شناخت کو اجاگر کیا۔
ایشا امبانی کے پورے انداز میں سب سے زیادہ توجہ کا مرکز وہ ہار تھاجو انہوں نے اپنی والدہ نیتا امبانی کے ذاتی خزانے سے زیب تن کیا تھا۔
یہ وہی “توساں نیکلس” تھا جسے مشہور فرانسیسی برانڈ کارٹیئر نے ڈیزائن کیااور جس کی مالیت 100 ملین امریکی ڈالر (یعنی پاکستانی کرنسی میں تقریباً 2800 کروڑ روپے) سے بھی زائد ہے۔
یہ ہار نواب ناوانگر راج رنجیت سنگھ جی واگھی جی جڈیجا کے اصل ہار سے متاثر ہو کر بنایا گیا تھا ، وہی راجہ جن کے نام پر بھارت میں مشہور رنجی ٹرافی ہے۔
یہ ہار توساں نیکلس کہلاتا ہے جو کارٹیئر کی تخلیقی ڈائریکٹر جینی توساں کے نام سے منسوب ہے جو ہندوستانی زیورات سے خصوصی لگاؤ رکھتی تھیں۔
ایشا امبانی نے انکشاف کیا کہ ان کے اس شاہانہ انداز کی تیاری میں ان کی والدہ نیتا امبانی نے اہم کردار ادا کیا جنہوں نے نہ صرف زیورات کا انتخاب کیا بلکہ پورے ملبوس کی تیاری اور انداز کے ہر پہلو میں اپنی گہری دلچسپی اور سلیقہ شامل کیا۔ اس ماں بیٹی کے امتزاج نے ایشا کے فیشن کو دنیا بھر میں سرفہرست کر دیا۔