آئندہ ماہ اگست میں پیٹرول کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ متوقع ہے۔
یکم اگست سے عوام کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 10سے 17 روپے فی لیٹر تک کے اضافے کا سامنا ہو سکتا ہے تاہم اضافے کا تخمینہ اوپر کی جانب صرف اس وجہ سے لگایا گیا ہے کہ شرح مبادلہ ڈگمگا چکی ہے۔
پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے اور ڈیزل کی قیمتوں میں 16 سے 17 روپے تک اضافے کا تخمینہ پیٹرولیم لیوی کو شامل کیے بغیر لگایا گیا ہے۔
اگر حکومت پیٹرول پر 5 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی بڑھاتی ہے تو پھر موگاس کی قیمت 15 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 23 روپے فی لیٹر تک متوقع ہے۔
واضح رہے کہ عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد 14 جولائی کو حکومت کی جانب سے ڈیزل کی قیمت میں 40 روپے 54 پیسے کی کمی جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 18 روپے 50 پیسے کی کمی کی گئی تھی۔