گزشتہ روز روہت شرما کی قیادت میں بھارت کی ٹیم نے بنگلہ دیش کو 5 رنز سے شکست دے دی۔
اس فتح کے ساتھ ہی بھارت نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ 2 میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی اور ساتھ ہی بھارت کے روایتی حریف پاکستان کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے کے امکانات بہت کم ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ پہلی پوزیشن کے باوجود بھی بھارت کی سیمی فائنل میں جگہ محفوظ نہیں ہوئی ہے بلکہ اُس کا انحصار گروپ کی دوسری ٹیموں کے شکست سے بہت زیادہ جڑا ہوا ہے لیکن زیادہ امکان یہی ہے کہ بھارت سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلے گا۔
دوسری جانب پاکستان کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے کے امکانات بہت کم ہیں کیونکہ ٹیم کے اب صرف دو ہی میچز باقی ہیں اور اسے وہ دونوں میچز جیتنا بہت ضروری ہیں۔
پاکستان کی ٹیم آج سڈنی کے اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ سے ٹکرائے گی، آج کے میچ میں اگر پاکستان جیت جاتا ہے تو اس کا سفر ختم نہیں ہوگا لیکن اگر پاکستان کو شکست ہوگئی تو اُس کے ورلڈکپ کے سفر کا آج اختتام ہوجائے گا۔
لہٰذا یہ کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا کہ آج کا میچ پاکستان کیلئے بہت زیادہ اہم ہے، اس میچ کے بعد قومی ٹیم سپر 12 کے مرحلے کا آخری میچ بنگلہ دیش سے کھیلے گی جس کی اہمیت بھی آج کے میچ کے بعد واضح ہوجائے گی۔
گروپ 2 کے پوائنٹس ٹیبل کو دیکھتے ہوئے یہی لگ رہا ہے کہ بھارت اور جنوبی افریقہ سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلینگے، تاہم کرکٹ ایک ایسا کھیل ہے جس میں بازی کسی بھی وقت پلٹ سکتی ہے اسی لئے ابھی کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہوگا۔