پاکستان کے مشہور ومعروف اداکار فواد خان کے حوالے سے اس قسم کی خبریں سامنے آرہی ہیں کہ وہ بہت جلد ڈراموں میں واپسی کررہے ہیں۔
اداکار فواد خان کو آخری مرتبہ مس مارول میں دیکھا گیا تھا اور بہت جلد اُن کی نئی فلم مولاجٹ ریلیز ہونے والی ہے۔
فواد خان کو ڈراموں میں اداکاری کیے کافی عرصہ گزرچکا ہے لیکن حال ہی میں انہوں نے ایک انٹرویو میں ڈراموں میں واپسی کے حوالے سے بات کی ہے۔
ڈراموں میں واپسی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فواد خان نے کہا کہ یہ بہت مشکل ہے کیونکہ میری اچھی خاصی عمر ہوچکی ہے اور ڈراموں کی کہانیاں کم عمر نوجوانوں پر مبنی ہوتی ہیں، اس لئے ڈراموں میں واپسی بہت زیادہ مشکل ہے۔
کام کے محاذ پر فواد کی نئی فلم مولاجٹ 14 اکتوبر کو سینیما گھروں میں ریلیز ہورہی ہے، جس کے بارے میں بتایا جارہا ہے کہ وہ پاکستان کی سب سے مہنگی فلم ہے۔
بلال لاشاری کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں ماہرہ خان، حمزہ علی عباسی، حمائمہ ملک اور مرزا گوہر رشید نے بھی اہم کردار ادا کیے ہیں۔