بغداد: عراق نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والے شخص کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق عراق کی سپریم جوڈیشل کونسل کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بیحرمتی کرنے والے شخص کے وارنٹ گرفتاری انٹرنیشنل کرمنل پولیس (انٹرپول) کو بھیج دئیے گئے ہیں۔ گرفتاری کے خصوصی وارنٹ عراقی پراسیکیوٹر جنرل کے دفتر سے جاری کیے گئے ہیں ۔
سویڈن واقعے کیخلاف ملک بھر میں آج ’یوم تقدیس قرآن‘ منایا جارہا ہے
واضح رہے کہ سویڈن میں پناہ گزین 37 سالہ عراقی نژادشخص سلوان مومیکا نے 28 جون کو عید الاضحیٰ کے موقع پر دارالحکومت اسٹاک ہوم کی ایک مسجد کے باہر قرآن پاک نذر آتش کرنے کی مذموم حرکت کی تھی۔ دنیا بھر میں اس واقعہ کے خلاف احتجاج کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب سویڈن کے وزیر انصاف گونارسٹرومر نے ایک انٹرویو میں کہا کہ حکومت قرآن پاک کو نذر آتش کرنے کے واقعہ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لی رہی ہے۔ قرآن پاک سمیت دیگر مقدس کتب کی بے حرمتی کو غیرقانونی قرار دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔