لندن /تہران: ایران کی خلیج فارس میں جاری جنگی مشقیں اختتام پذیر ہوگئیں جب کہ اس دوران ایرانی فوج کی جانب سے میزائل داغے گئے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل حسین سلامی نے کہاہے کہ فوجی مشقیں اسرائیل کی طرف سے ایک بڑے لیکن بے معنی خطرات کا جواب ہیں۔
ایران کے اعلیٰ فوجی کمانڈروں نے کہا کہ ایران نے جو فوجی مشقیں کی ہیں، اس کا مقصد اسرائیل کو خبردار کرنا تھا۔
ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل حسین سلامی کا کہنا تھا کہ ایران نے اس ہفتے جو فوجی مشقیں کی ہیں، اس کا مقصد علاقائی حریف اسرائیل کو ایک انتہائی واضح پیغام دینااورسنگین نوعیت کی تنبیہ کرنا تھی۔
انہوں نے سرکاری ٹی وی پر اپنے ایک بیان میں اسرائیلی افواج کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ اگر انہوں نے کوئی غلط قدم اٹھایا، تو ہم ان کے ہاتھ کاٹ دیں گے۔
حسین سلامی کا کہنا تھا کہ مشقوں میں بیسلٹک اور کروز میزائلوں کا استعمال بھی کیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ مشقیں اسرائیل کو خبردار کرنے کا پیغام بھیجنے کے واسطے کی گئیں۔
اسی حوالے سے ایرانی مسلح افواج کے سربراہ محمد باقری نے بتایا کہ مشقوں میں مختلف نوعیت کے 16 بیلسٹک میزائل داغے گئے۔ ان میزائلوں نے پہلے سے طے شدہ اہداف کو درستی کے ساتھ تباہ کیا۔
دوسری جانب برطانوی دفتر خارجہ نے ایک بیان میں جنگی مشقوں کے دوران بیلسٹک میزائلوں کے فائر کیے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے میزائلوں کو داغنا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کی صریح خلاف ورزی ہے۔
برطانوی دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہاکہ یہ کارروائیاں علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں، اور ہم ایران سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی یہ سرگرمیاں فوری طور پر بند کرے۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب پرحوثی باغیوں کامیزائل حملہ،2افرادجاں بحق،7زخمی