کراچی: سابق کپتان اور سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے قومی ٹیم کو جارحانہ کرکٹ کھیلنے کا مشورہ دیدیا۔ایک انٹرویومیں سابق کپتان و چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ ساؤتھمپٹن ٹیسٹ میں پاکستانی بیٹسمین اسٹروکس کھیلنے سے ڈرتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ زیادہ تر بلے بازوں کو آؤٹ ہوتے ہوئے دیکھا جائے تو بیٹ ٹانگوں کے پیچھے نظر آئیگا، دفاعی حکمت عملی کی وجہ سے سلپ میں کیچز ہورہے ہیں،میرا کرکٹرز اور مینجمنٹ کو مشورہ ہے کہ جارحانہ کرکٹ کھیلیں، دوسری صورت میں صرف بارش ہی شکست سے بچا سکے گی۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اور کمنٹیٹر رمیز راجہ نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں محمد رضوان کی بیٹنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہاہے کہ رضوان نے بہادری سے انگلینڈ کے بالنگ اٹیک کا مقابلہ کیا۔
اپنے پیغام میں رمیز راجہ نے کہا کہ محمد رضوان نے بہادری کے ساتھ انگلینڈ کے بولنگ اٹیک کا مقابلہ کیا اور وہ پاکستان ٹیم کو واپس ٹریک پر لائے۔رمیز راجہ نے کہا کہ رضوان نے تکنیکی طور پر اچھی بیٹنگ کی اور سنگلز نہ لے کر ٹیل اینڈرز کو بھی بچایا۔