اسلام آباد: سینیٹ انتخابات 2018ء میں ہارس ٹریڈنگ اور کروڑوں میں اراکینِ اسمبلی کی خریدوفروخت پر تحقیقاتی کمیٹی کا پہلا اجلاس آج منعقد ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری، وزیرِ انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری اور معاونِ خصوصی احتساب شہزاد اکبر تحقیقاتی کمیٹی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سینیٹ انتخابات 2018ء پر تحقیقات کیلئے قائم کمیٹی کے پہلے اجلاس کے دوران ٹی او آرز طے ہوں گے۔ کمیٹی وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)، اینٹی کرپشن اور آئی بی کی معاونت سے تحقیقات سرانجام دے گی۔
تحقیقاتی کمیٹی کو 1 ماہ کے اندر اندر سینیٹ انتجابات 2018ء میں ووٹوں کی خریدوفروخت پر رپورٹ تیار کرکے وزیرِ اعظم عمران خان کو براہِ راست پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
مختلف اراکینِ اسمبلی کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے اور تفتیش ہوگی کہ ووٹوں کی خریدوفروخت سے کس کس رہنما کو سینیٹر بنایا گیا، رقم لینے والا کون تھا اور رقم کسے دی گئی۔ تمام تر افراد کے نام وزیرِ اعظم کو پیش کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں 48 نشستوں پر سینیٹ انتخابات 3 مارچ کو ہوں گے