اسلام آباد: وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بین المذاہب ہم آہنگی ضروری ہے جبکہ پاکستان اندرونِ ملک اور عالمی سطح پر مذہبی آزادی پر یقین رکھتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مذہب اور عقیدے کی بنیاد پر ظلم و تشدد کے عالمی دن کے موقعے پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان آج کے کے روز عالمی برادری کے ہمراہ مذہب اور عقیدے کی بنیاد پر ظلم کا شکار افراد کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
عالمی دن کے موقعے پر پیغام میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان امن و استحکام، برداشت، بین المذاہب اور ابین الثقافتی ہم آہنگی پر یقین رکھتا ہے اور ہم امن کو فروغ دینے کی کوششوں میں عالمی سطح پر پیش پیش ہیں۔ مذہب کی بنیاد پر آزادی کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔
پیغام میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ پر موجودہ حکومت نے گراں قدر کام کیا ہے۔ ملک بھر میں اقلیتوں کو مذہبی آزادی حاصل ہے اور اقلیتیں اپنی اپنی عبادت گاہوں میں مکمل آزادی کے ساتھ مذہبی فرائض انجام دے رہی ہیں۔
دنیا بھر میں مذہبی بنیادوں پر نفرت و تعصب میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دنیا بھر میں اسلام کے خلاف بھی نفرت کا اظہار جاری ہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے بھی اسلاموفوبیا کا مقابلہ کرنے کیلئے عالمی برادری میں شعور اجاگر کیا۔
یاد رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں مذہب اور عقیدے کی بنیاد پر ظلم و تشدد اور متعصبانہ اقدامات کا شکار افراد کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے۔
اقوامِ متحدہ کے مطابق مذہبی آزادی ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔ دنیا کے ہر انسان کو آزادئ اظہارِ رائے اور اپنے خیالات کو عوام الناس تک پہنچانے کا حق حاصل ہے۔ پر امن بقائے باہمی اور تنظیم قائم کرنے کا حق بنیادی انسانی حقوق میں شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: مذہب کی بنیاد پر تشدد کا شکار افراد کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے