معروف بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کے خلاف انسٹا گرام نے بھی ایکشن لیتے ہوئے ان کی پوسٹ ڈیلیٹ کردی جبکہ ٹوئٹر پر بھارتی فنکارہ پر پہلے ہی پابندی عائد ہے۔
کوئین نامی بھارتی فلم میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی ادکارہ کنگنا رناوت حال ہی میں کورونا وائرس کا شکار ہوئی ہیں جن کی پوسٹ انسٹا گرام نے غلط معلومات پھیلانے کے الزام کے تحت ضائع کی۔
اداکارہ کنگنا رناوت کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے آپ کو قرنطینہ کر لیا ہے اور مجھے یہ علم نہیں تھا کہ وائرس میرے جسم میں پارٹی کر رہا ہے۔ اب میں اسے تباہ و برباد کردوں گی۔ اگر آپ کورونا سے ڈریں تو یہ اور ڈراتا ہے۔
کنگنا رناوت نے کہا کہ مجھے بس تھوڑا سا نزلہ ہو گیا ہے اور کچھ نہیں جس پر بھارت سمیت دنیا بھر کے میڈیا نے خبریں شائع کیں۔ بھارتی فنکارہ کے پیغام کو انسٹا گرام نے غلط معلومات پھیلانے کے الزام میں ایکشن لے کر ڈیلیٹ کردیا۔
اس اقدام کے بعد اداکارہ کنگنا رناوت نے مداحوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ انسٹا گرام نے میری وہ پوسٹ ڈیلیٹ کردی جس کے اندر میں نے دھمکی دی تھی کہ کورونا کو تباہ کردوں گی جس پر یہ ایکشن لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے سنا تھا کہ دہشت گردوں اور کمیونزم کے پیروکاروں کا فین کلب ہوتا ہے لیکن یہاں تو کورونا کا بھی ایک فین کلب مل گیا ہے۔ میرے خیال میں انسٹا گرام پر میں ایک ہفتہ بھی نہیں رہ سکوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ خان نئی فلم میں سنجے لیلا بھنسالی سے اشتراک کیلئے تیار