کراچی: پی ٹی آئی رہنماء خرم شیر زمان کا مرتضیٰ وہاب کی پریس کانفرنس پر ردعمل سامنے آگیا، انہوں نے کہا کہ جناح اسپتال میں بغیر اثر ورسوخ والے مریضوں کو بیڈ تک میسر نہیں ہوتا۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ پی پی کیلئے این آئی سی وی ڈی اتنا کرامت ہے تو زرداری صاحب کو داخل کروادیں، یہ کینسر کا علاج مفت کرتے ہیں اور دوران علاج ادوایات بند کر دیتے ہیں۔ یہ پیپلز پارٹی کی شعبہ صحت میں اعلی کارکردگی کی مثال ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ مرتضیٰ وہاب حوصلہ رکھیں نظریاتی، سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر صحت کارڈ کی تعریف کریں، نام نہاد پی پی کو صحت کارڑ کے اجراء سے پیٹ میں مروڑ ہوگئی ہے۔
خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ سندھ کے لوگ بھی خیبر پختونخوا اور پنجاب کی طرح صحت انشورنس کے حقدار ہیں، سندھ حکومت صحت کارڈ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ گزشتہ روز لاڑکانہ میں بچے کو کتے نے کاٹا بچے کا علاج نہیں ہوسکا، والد کے پاس صحت کارڈ ہوتا تو پرائیویٹ ہسپتال سے بچے کا بروقت علاج کرواسکتا۔
مزید پڑھیں: استعفوں کی دھمکیاں دینے والوں کو ہر محاذ پر مایوسی ہوئی۔فرخ حبیب