کراچی: امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جب تک انڈسٹری کو بجلی پانی اور گیس سمیت دیگر ضروری بنیادی سہولتیں نہیں ملیں گی اس وقت تک انڈسٹری اورٹریڈ ترقی نہیں کرسکتے۔یہ سہولتیں دینا حکومت کی ذمہ داری ہے اور بدقسمتی سے حکومت اپنی یہ ذمہ داری پوری نہیں کررہی۔
جماعت اسلامی صنعت وتجارت سے وابستہ لوگوں کے ساتھ مل کر حکومت کو ان کے مسائل کے حل کی جانب متوجہ کرے گی۔جب کوئی حکومت اور حکمران پارٹی کراچی کو اون نہیں کرتی تو پھر کراچی کو خود کو اون کرنا پڑے گا۔جماعت اسلامی کراچی کو اون کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور عوام کے ساتھ مل کر اہل کراچی کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہاکہ کراچی کا پورا نظام تباہ ہے اس لیے ہر طبقے اور شعبے کے لوگ سخت پریشان ہیں لیکن سب سے زیادہ متاثر صارف ہوتا ہے جو سب سے آخر میں چیزوں کو استعمال کرنے والا ہوتاہے۔
ری بلڈ کراچی کا مقصد مثبت سوچ کے ساتھ کراچی کے مسائل کے حل اور اہل کراچی کے جائز اور قانونی حق کے لیے آواز بلند کرنا ہے،صرف احتجاج ہی نہیں مسائل کے حل اور چیلنجز سے نبٹنے کے لیے لائحہ عمل بھی پیش کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مختلف شعبے سے وابستہ لوگوں کے ساتھ بیٹھ کر تبادلہ خیال کررہے ہیں جو خرابی ہونا تھی وہ ہوگئی اب یہ دیکھنا ہے کہ خرابی کو بہتری کی طرف لے جانے کے لیے کام کو کہاں سے اور کس طرح شروع کرنا ہے۔
ری بلڈ کے حوالے سے ہم شعبہ صحت پر تبادلہ خیال کرچکے ہیں اور آج صنعت و تجارت کو درپیش چیلنجز کے لیے اکھٹے ہوئے ہیں۔کراچی پاکستان کی معیشت چلاتا ہے لیکن افسوس کہ اس کو کچھ نہیں دیا جاتا،ان حق تلفی کرنے والوں میں تمام حکومتیں اور حکمران پارٹیاں اور مقتدر حلقے شامل ہیں۔
آج صورتحال یہ ہے کہ نسلہ ٹاور گرانے پر بھی بہت توجہ دی گئی لیکن یہاں کی مردم شماری جو بہت بڑا مسئلہ ہے اس کو حل نہیں کیا جاتا،کراچی کی انڈسٹری کو ان کی ضروریات فراہم نہیں کی جاتی یہاں تک کہ ان کو پانی تک نہیں ملتا،گیس کی بندش سے مسائل میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
سندھ حکومت کراچی کو صوبے کا حصہ اس معنی میں نہیں سمجھتی کہ یہاں کے مسائل حل کرنے ہیں بس یہاں سے ٹیکس وصول کرتے ہیں،پیپلزپارٹی وڈیرہ شاہی سوچ کے ذریعے کراچی کو تباہ کررہی ہے اور کالے قوانین بناکر شہری اداروں پر قبضہ کررہی ہے، بدقسمتی سے سرکاری سطح پر بھی لسانیت کی سیاست کی جاتی ہے۔
مزید پڑھیں: یہ ذہنیت پاکستان پر مسلط رہی تو نقصان ہوگا، ٹولے کو گھر جانا ہوگا: شازیہ مری