نئی دہلی: بھارتی سیکریٹری دفاع اجے کمار میں کورونا وائرس کے آثار نمایا ہوئے تو وزارت دفاع میں کھلبلی مچ گئی،بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ان کے رابطے میں آنے والے لوگوں کے بھی ٹیسٹ کئے جارہے ہیں۔
وزیر دفاع اجے کمار میں کورونا وائرس کی علامات کے پائے جانے کے بعد ریسینہ ہلز کے ساؤتھ بلاک میں وزارت کے ہیڈ کوارٹر میں کام کرنے والے کم سے کم 35 افسران کو ان کے گھر بھیج دیا گیا۔
اس بارے میں کوئی سرکاری بیان نہیں دیا گیا ہے کہ آیا یہ تصدیق شدہ کورونا وائرس کا کیس ہے یا نہیں۔ وزارت دفاع کے ترجمان نے اس معاملے پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔
انڈین فوج کے مطابق اجے کمارمیں انفیکشن پایا گیا ہے،ساوتھ ایشین وائر کے مطابق خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ احتیاط کے پیش نظر دفتر نہیں آئے تھے۔
واضح رہے کہ بھارتی وزیر دفاع، سیکرٹری دفاع، چیف آف آرمی اسٹاف اور نیوی چیف کے دفاتر ساؤتھ بلاک کی پہلی منزل پر ہیں۔فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ کمار کو اسپتال میں داخل کیا گیا ہے یا نہیں۔