واشنگٹن: امریکا نے مذہبی آزادی کے حوالے سے اپنی سالانہ رپورٹ میں کہا ہے کہ اُس کے اسٹرٹیجک پارٹنر بھارت میں اقلیتوں پر ہونے والے حملوں میں اضافے پر اُسے شدید تشویش ہے۔
تفصیلات کے مطابق سال 2021ء میں دنیا بھر میں مذہبی آزادی کے حوالے سے امریکی وزارت خارجہ کی طرف سے 2 جون کو جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں گزشتہ برس اقلیتی فرقوں پر ہوئے حملوں میں قتل، تشدد، دھمکی اور دیگر واقعات شامل ہیں۔ گائے ذبح کرنے یا گائے کا گوشت فروخت کرنے کے الزامات لگا کر غیر ہندوؤں پر تشدد کے بھی متعدد واقعات پیش آئے۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے رپورٹ میں کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت اور کثیرالثقافت قومیتوں کے مرکز بھارت میں مذہبی مقامات پر لوگوں پر بڑی تعداد میں حملے کیے گئے، اُن کا کہنا تھا کہ مذہبی آزادی بنیادی حق ہے جو امریکا کی عالمی پالیسیوں کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
واضح رہے کہ اپریل میں بھی بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کی موجودگی میں انہوں نے کہا تھا کہ امریکا بھارت میں انسانی حقوق کے تشویشناک واقعات پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جرمنی میں خوفناک حادثہ، ٹرین پٹری سے اُتر گئی، 3 افراد ہلاک متعدد ذخمی