انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) میں رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کی پہلی بار فتح کے جشن کے دوران بنگلور میں پیش آئے افسوسناک واقعے کے بعد ویرات کوہلی پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔
جشن کے دوران دو مختلف مقامات پر بھگدڑ مچنے سے کم از کم 11 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب شائقین کی بڑی تعداد ایم چنا سوامی اسٹیڈیم کے باہر ٹیم کے اعزاز میں ہونے والی تقریب کے لیے جمع ہوئی۔
ویرات کوہلی نے واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر افسوس کا اظہار کیا تاہم ان پر الزام لگایا جا رہا ہے کہ انہوں نے وکٹری پریڈ جاری رکھی باوجود اس کے کہ سانحے کی خبر پہنچ چکی تھی۔
سابق کرکٹر اتل وسان نے بھی کوہلی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر اسٹیڈیم کے باہر لوگ جان سے جا رہے تھے تو اندر جشن منانا ناقابلِ یقین ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاستدان اور فرنچائز مالکان بے رحم ہو سکتے ہیں لیکن یہ حیرت کی بات ہے کہ کیا ویرات کوہلی کو واقعی کچھ معلوم نہیں تھا؟