کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف فنکارہ کنزہ ہاشمی کا شمار ٹی وی سیریلز کی صفِ اوّل کی اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے جس نے حال ہی میں ایک بھارتی میوزک ویڈیو میں کام کیا۔
پاکستانی اداکارہ کنزہ ہاشمی نے حال ہی میں جس گلوکار کے گیت میں اداکاری کے جوہر دکھائے، ان کا نام جوش برار ہے اور جوش برار پنجابی میوزک کی دنیا میں ایک نیا نام مانے جاتے ہیں لیکن ان کی بھارتی پنجاب کی میوزک انڈسٹری میں جڑیں کافی گہری ہیں۔
جوش برار کون ہے؟
گلوکار جوش برار مشہور پنجابی گلوکار راج برار کے بیٹے ہیں جو پنجابی موسیقی کی دنیا میں ممتاز شخصیت مانے جاتے ہیں۔ حال ہی میں جوش برار نے اپنے پہلے گیت تیرے بنا نہ گزارا اے کی میوزک ویڈیو ریلیز کردی جسے گزشتہ چند روز میں لاکھوں افراد نے دیکھا۔
گزشتہ 10 روز میں جوش برار کی ویڈیو کو 1اعشاریہ 2 ملین ویوز ملے اور ویڈیو کو 16 ہزار یوٹیوب صارفین نے پسندیدگی کی سند عطا کردی۔ گلوکار جوش برار کا یہ پہلا گیت ان کے والد راج برار کیلئے جذباتی خراجِ تحسین ہے جس کیلئے جوش برار نے 4سال تک محنت اور تیاری کی۔
کنزہ ہاشمی کی تعریفیں
بلاشبہ کچھ پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کو کنزہ ہاشمی کے جوش برار کی ویڈیو میں نظر آنے پر اعتراض ہوسکتا ہے جس کی وجوہات کچھ بھی ہوسکتی ہیں لیکن گانے کی ویڈیو پر سامنے آنے والے درجنوں تبصروں میں کنزہ ہاشمی کو بھی نام لے کر سراہا جارہا ہے۔
کچھ لوگ کنزہ ہاشمی کی اداکاری کی تعریفیں کر رہے ہیں تو کچھ ان کی خوبصورتی کے مداح بن گئے ہیں جبکہ گیت میں خوبصورتی اور اداکاری دونوں کے ہی کردار سے انکار نہیں کیاجاسکتا۔ گیت کو معروف پروڈیوسر بنٹی بینس نے پروڈیوس کیا جو نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کی شہرت رکھتے ہیں۔