نئی دہلی: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھارتی سیاستدان، کانگریس رہنما اور سابق وزیر کے بیان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کانگریس اپنے ہی ملک کو ڈرانے کی کوشش کرتی ہے۔ کانگریس رہنما نے کہا تھا کہ پاکستان کا احترام کرو، اس کے پاس ایٹم بم ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سابق بھارتی وزیر منی شنکر اَیّر کے بیان پر اپنے ریلی سے خطاب کے دوران کہا کہ کانگریس بار بار اپنے ہی ملک کو ڈرانے کی کوشش کرتی ہے، وہ کہتے ہیں ہوشیار رہو، پاکستان کے پاس ایٹم بم ہے، یہ مردہ لوگ ہیں۔
خطاب کے دوران بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ یہ لوگ بھارت کے دماغ کو ناکارہ کر رہے ہیں۔ آج پاکستان کی حالت یہ ہے کہ وہ بم بیچنے نکلے ہیں۔ خریدنے کیلئے کسی کو تلاش کر رہے ہیں لیکن لوگ ان کے بم کے معیار سے بھی واقف ہیں اور وہ مواد فروخت نہیں ہوتا۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ کانگریس کے کمزور روئیے کی وجہ سے بھارت کو اتنے دہشت گرد حملوں کا سامنا ہے کہ اسے بھلایا نہیں جاسکتا۔ دہشت گردوں کو سبق سکھانے کی بجائے کانگریس کے لوگ دہشت گردوں سے ملاقاتیں کرتے تھے۔
وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ کانگریس میں دہشت گردی کے سرپرستوں کے خلاف کارروائی کی ہمت نہیں تھی۔ ان کو لگتا تھا کہ اگر کارروائی کی تو ہمارا ووٹ بینک ناراض ہوجائے گا۔ آج سے 26سال پہلے واجپائی حکومت نے جوہری تجربہ کیا اور ملک کی سلامتی پر کام کیا۔
گزشتہ ماہ اپریل کے دوران کانگریس رہنما منی شنکر اَیّر نے ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھی ایک خودمختار ملک اور ایک قابلِ احترام قوم ہے۔ آپ ان کے ساتھ سخت بات کرسکتے ہیں لیکن بات چیت شروع کریں۔ آپ بندوق لے کر چل رہے ہیں جس سے کچھ حاصل نہیں ہوا، دو طرفہ تناؤ بڑھ رہاہے۔
واضح رہے کہ کانگریس رہنما منی شنکر کا دیا گیا بیان بھارت میں انتخابات کے شور کے دوران حیرت انگیز طور پر وائرل ہوا جبکہ 1 ماہ قبل دئیے گئے بیان کو ابتدائی طور پر اتنی اہمیت نہیں دی گئی تھی۔ بیان وائرل ہونے کے بعد نریندر مودی سمیت دیگر بی جے پی رہنماؤں نے اس کی مذمت کی۔