بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ایک بار پھر بیرونِ ملک جانے کیلئے پاکستان کی فضائی حدود کا استعمال کیا ہے۔ نریندر مودی کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود کا استعمال آج سامنے آیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی پاکستانی فضائی حدود میں سفر کرتے ہوئے 3 روزہ دورے پر پیرس روانہ ہوئے۔ نریندر مودی اپنے خصوصی طیارے انڈیا ون میں ہمسایہ ملک کے دارالحکومت نئی دہلی سے پیرس روانہ ہوئے اس دوران ان کا خصوصی طیارہ اوکاڑہ سے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا جو 40 منٹ تک مسلسل پاکستان کی فضائی حدود میں سفر کرتا رہا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی وزیراعظم کا خصوصی طیارہ لاہور کے قریب سے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا تھا۔طیارے نے حافظ آباد، سرگودھا، تلہ گنگ، کوہاٹ پر 34 ہزار فٹ کی بلندی پر سفر کیا۔طیارہ لنڈی کوتل سے افغان فضائی حدود میں داخل ہوا۔
وزیراعظم نریندر مودی پیرس کے 3 روزہ دورے کیلئے روانہ ہوئے تھے، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ دورے کا مقصد پیرس میں اے آئی سمٹ کے تیسرے ایڈیشن کی صدارت ہے۔ بعد ازاں نریندر نریندر مودی فرانس کا دورہ مکمل کرکے 12 فروری کو امریکا کیلئے روانہ ہوں گے۔ اس موقعے پر نریندر مودی کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات ہوگی۔