بھارت نے روایتی اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف جارحیت کے لیے لائن آف کنٹرول پر میزائل نصب کردئیے ہیں جبکہ سرحدوں پر محاذ آرائی کے لیے تیاریاں بھی جاری ہیں۔
پاک بھارت سرحد (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی طرف سے غیر معمولی نقل و حرکت دیکھنے میں آئی ہے جبکہ بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر براہموس اور اسپائیک نامی میزائل بھی نصب کیے۔
سرحد پر براہموس اور اسپائیک کے علاوہ اینٹی ٹینک میزائل بھی نصب کیے گئے جبکہ پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کے مطابق سرحدوں پر غیر معمولی نقل و حرکت بھارت میں جاری ملک گیر مظاہروں سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔
یاد رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے لائن آف کنٹرول پر محاذ آرائی کے خلاف بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی محاذ آرائی کا بھرپور اور مؤثر جواب دیں گی، دشمن خبردار رہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے قریب محاذ آرائی کے لیے تیاریاں کی جارہی ہیں اور بھارتی آرمی چیف اشتعال انگیز بیانات دے رہے ہیں۔
ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کے بیانات اور محاذ آرائی متنازعہ شہریت بل کے خلاف وسیع بنیادوں پر پورے ملک میں احتجاج سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش معلوم ہوتی ہے۔
مزید پڑھیں: کسی بھی محاذ آرائی کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔ڈی جی آئی ایس پی آر