دی گریٹ انڈین کپل شو، بھارتی میڈیا کو کپل شرما کے لطیفے پرانے لگنے لگے

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

دی گریٹ انڈین کپل شو
(فوٹو: نیٹ فلکس)

آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر دی گریٹ انڈین کپل شو کی نویں قسط سامنے آنے کے بعد بھارتی میڈیا کو کپل شرما کے لطیفے پرانے لگنے لگے ہیں جن پر ہنسی آنا بند ہوگئی۔

بھارتی میڈیا (دی انڈین ایکسپریس) کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ کپل شرما یا سنیل گروور نے نہیں بلکہ نویں قسط میں ناظرین کی توجہ ہر لطیفے پر بیٹھ کر ہنسنے والی ارچنا پورن سنگھ نے حاصل کرلی کیونکہ وہ حسبِ معمول ان لطیفوں پر بھی محنت کے ساتھ ہنس رہی تھیں جو بالکل مزاحیہ نہیں تھے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق مجموعی طورپر 40 منٹ پر محیط شو میں مہمان فنکار انیل کپور اور فرح خان نے  بھی ارچنا پورن سنگھ کا ساتھ دینے کا فیصلہ کرلیا۔ شو کے آغاز میں انیل کپور نے کپل شرما کے شو پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جبکہ بھارتی فلمساز فرح خان نے ارچنا پورن سنگھ کی نشست پر قبضہ کرنے کا فیصلہ سنایا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ابھی یہ کہانی منطقی انجام کو پہنچی ہی نہیں تھی کہ اسے ختم کردیا گیا۔ شو کے ٹریلر میں بعض لطیفے پیش کیے گئے جو شو کے دوران بغیر کسی ترمیم کے ناظرین کے سامنے لائے گئے جس پر کسی کو کوئی ہنسی نہیں آئی جس سے نویں قسط کا مزہ کرکرا ہوگیا اور سنیل گروور بھی کچھ نہ کرسکے۔

کپل شرما شو میں ڈاکٹر مشہور گولاٹی کا کردار نبھانے والے سنیل گروور نے دی گریٹ انڈین کپل شو کی نویں قسط میں انجینئر چمبک کا کردار نبھایا جو اپنی دلہن کو تلاش کر رہا ہے اور انہیں کوئی دلہن نہیں ملی۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ دلہن کے نہ ملنے کا رونا تو ایک طرف رہا، سنیل گروور ناظرین کو ہنسانے میں بھی ناکام ہی نظر آئے۔

یوں مجموعی طورپر دی گریٹ انڈین کپل شو کی نویں قسط کو ناکام لطیفوں کا مجموعہ قرار دیا گیا ہے تاہم بھارتی میڈیا یہ بات بھول گیا کہ کپل شرما اور ان کی ٹیم نے طویل عرصے تک بھارتی قوم کو مسلسل ہنسایا ہے اور دی گریٹ انڈین کپل شو کی کچھ اقساط میں اگر کپل شرما ایسا نہیں کرسکے تو ان پر تنقید اتنی سخت بھی نہیں ہونی چاہئے۔

Related Posts