اسلام آباد: ایس سی او اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کے دوران بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے ایس سی او ہیڈز آف کونسل کی سربراہی سنبھالنے پر نہ صرف پاکستان کو مبارک باد دی بلکہ اپنے خطاب کے دوران کہا کہ بھارت پاکستان کی ایس سی او کی صدارت کی میعاد کے دوران بھرپور تعاون کرے گا۔
خطاب کے دوران بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا کہ ایس سی او کا اجلاس ایک ایسے وقت میں ہورہا ہے جب عالمی برادری کو مشکلات کا سامنا ہے، پوری دنیا دو بڑے تنازعات سے گزر رہی ہے، ماضی میں کورونا کی وباء نے ترقی پذیر ممالک کو بری طرح متاثر کیا، رکن ایس سی او ممالک کو قرض سمیت دیگر چیلنجز درپیش ہیں۔
بھارتی وزیر خارجہ نے ایس سی او چارٹر کے بنیادی مقاصد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ چارٹر میں رکن ممالک کے باہمی اعتماد، دوستی اور ہمسایہ ممالک سے خوشگوار تعلقات اور بہت سے پہلوؤں کے ساتھ مشترکہ تعاون کا فروغ شامل ہے۔ ایس سی او تین بڑے چیلنجزسے نمٹنے کیلئے پر عزم ہیں جن میں دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور انتہا پسندی شامل ہیں۔
وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا کہ چارٹر کا جائزہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں لیا جائے تو ان تینوں پہلوؤں کی اہمیت میں اضافہ ہوتا ہے۔ باہمی تعلقات میں درپیش چیلنجز کے خاتمے کیلئے دیانتداری سے مذاکرات ضروری ہیں۔ باہمی اعتماد کی کمی اور ناکافی تعاون سے اگر ہمسایوں کے تعلقات اور دوستی اچھی نہ ہو تو ان کے اسباب پر تحقیقات اور تدارک کی ضرورت ہے۔
ایس جے شنکر نے کہا کہ اگر چارٹر پر عملدرآمد کرنا ہے اور اس سے فائدہ اٹھانا ہے تو باہمی تعاون اور اتحاد کا مظاہرہ ضروری ہے۔ یہ صرف رکن ممالک کیلئے نہیں بلکہ پوری دنیا کیلئے مفید ہے جس سے وہ آگے بڑھ سکے گی۔ اگر ہم چارٹر کے نکات پر عملدرامد کریں تو اس سے خطے کو بے حد فائدہ ہوگا۔ مختلف شعبہ جات میں باہمی تعاون ترقی کی نئی راہیں کھول دے گا۔