سری نگر: بھارتی فوج نے ریاستی جبر، ظلم و بربریت اور دہشت گردی کی بد ترین مثال قائم کرتے ہوئے گزشتہ 6 ماہ میں 77 مظلوم کشمیریوں کو شہید کردیا ہے۔ کے ایم ایس نے رپورٹ جاری کردی۔
تفصیلات کے مطابق کشمیر میڈیا سروس نے کل جماعتی حریت کانفرنس (آزاد جموں و کشمیر) کے تعاون سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بے گناہ کشمریوں پر مظالم کی ششماہی رپورٹ جاری کردی۔
انتہا پسند ہندو رہنما کی بھارت کی 30 ہزار مساجد کو مندر وں میں بدلنے کی دھمکی
ششماہی رپورٹ کے حوالے سے منعقدہ تقریب کی صدارت کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر کے کنوینر محمود احمد ساغر نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی سابق صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب خان تھے۔
گزشتہ برس جولائی سے دسمبر 2022 کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس عرصے کے دوران بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی اور جعلی مقابلوں کے دوران کم از کم 77 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کردیا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ گزشتہ 6 ماہ میں نام نہاد سرچ آپریشن، محاصروں اور تلاشی کی آڑ میں 300سے زائد کشمیری نوجوان گرفتار جبکہ درجنوں زخمی کیے گئے۔ ایک نوجوان کو کپواڑہ میں گرفتار کرکے لاپتہ کردیا گیا۔
بھارتی فوج نے 6 ماہ میں کم از کم 17 صحافیوں کو زدوکوب یا ہراساں کیا۔ رپورٹ میں 4 صحافیوں آصف سلطان، فہد شاہ، سجاد گل اور انسانی حقوق کے محافظوں خرم پرویز اور محمد احسن کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی کی مذمت کی گئی۔