لاہور: کشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ رمضان کا مہینہ آ چکا ہے تاہم ریاست جموں و کشمیر میں بھارت کا قتل عام جاری ہے، پوری دنیا کو جاگنا ہوگا، کالے قانون کی صورت میں بھارت کشمیر میں اپنے ہندوؤں کو لا کر سیٹیزن شپ دینا چاہ رہا ہے۔ مسلمانوں کو ہر سطح پر دبایا جارہا ہے۔
مشعال ملک نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ رمضان کا مہینہ آ چکا ہے لیکن پوری دنیا میں کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن جیسی صورتحال ہے، پوری دنیا اس وقت کورونا وائرس کے خلاف لڑ رہی ہے۔جبکہ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں پر اترا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہندوستان نے اپنے مظالم اور کشمیریوں کا قتل عام جاری رکھا ہوا ہے اور ہندوستان نے حال ہی میں نیو ڈومیسائل جیسا کالا قانون پاس کروایا ہے۔
مشعال ملک نے کہا کہ اس کالے قانون کی صورت میں بھارت کشمیر میں اپنے ہندوؤں کو لا کر سیٹیزن شپ دینا چاہ رہا ہے اور ساتھ ہی ساتھ ریاست جموں و کشمیر میں بھارت کا قتل عام بھی جاری ہے۔
مشعال ملک نے بتایا کہ صرف اپریل میں 33 لوگ شہید جبکہ 152 انتہائی تشویشناک حالت میں ہیں اور لائن آف کنٹرول کی صورتحال بھی سامنے ہیں۔
مشعال ملک نے بتایا کہ یو این سیکرٹری نے کہا کہ پوری دنیا کی جیلوں سے لوگوں کو رہا کیا جائے جبکہ مودی یو این سیکرٹری کے بیان کے 360 ڈگری الٹ کر کے کشمیریوں کو جیلوں میں ڈال رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک انتہائی تشویشناک صورتحال ہے پوری دنیا کہہ رہی ہے کہ بھارت کو بلیک لسٹ کیا جائے، پوری دنیا کو اب جاگنا ہو گا۔