بھارتی ریاست گجرات کے ضلع امریلی میں ایئر فورس کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جبکہ حادثے میں پائلٹ جان کی بازی ہار گیا۔
بھارت میں ایک ٹرینی پائلٹ اس وقت اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا جب منگل کی سہ پہر گجرات کے امریلی ضلع کے رہائشی علاقے میں ایوی ایشن اکیڈمی سے تعلق رکھنے والا ایک تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔
ضلع امریلی پولیس حکام کے مطابق طیارہ گرتے ہی اس میں آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث پائلٹ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
امریلی کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنجے کھرات کے مطابق حادثے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی ہے تاہم اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ مارچ میں بھارتی فضائیہ کے ایک ہی دن میں دو طیارے گر کر تباہ ہوگئے، جن میں سے ایک لڑاکا طیارہ تھا۔
حالیہ دفاعی رپورٹس کے مطابق بھارتی فضائیہ کی جنگی جہازوں کی تعداد 42 سے کم ہو کر محض 30 تک محدود ہوچکی ہے۔ 2025-26 تک بھارتی فضائیہ کے اسکواڈرنز کی تعداد 28 تک گر سکتی ہے ۔